بغداد26مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق میں امریکی قیادت میں سرگرم عمل ’آئی ایس‘ مخالف اتحاد نے مغربی موصل پر اْن فضائی حملوں کا اعتراف کر لیا ہے، جن کے نتیجے میں بڑی تعداد میں عام شہری مارے گئے تھے۔ اتحاد کے مطابق اْن حملوں کا ڈیٹا اور موصل میں عام شہریوں کی ہلاکت کا ڈیٹا ایک دوسرے کے عین مطابق ہیں۔ عراقی حکام کے مطابق ان فضائی حملوں کے نتیجے میں ایک سو تیس سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکی قیادت میں سرگرم اتحاد کے مطابق سترہ مارچ کو عراقی افرواج کی خواہش پر ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جنگجوؤں اور اْن کے ہتھیاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ عراقی فوج ا ور ’آئی ایس‘ مخالف اتحاد 2014ء سے اس شہر پر قابض دہشت گرد گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کو نکال باہر کرنے کے لیے کارروائی کر رہے ہیں۔